نئی دہلی، 26 فروری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کے لیے ہندوستان اور فرانس کے درمیان ہوئے معاہدے کو چیلنج دینے والی درخواست مسترد کرنے کے اپنے گزشتہ فیصلے پر نظر ثانی کے لیے دائر درخواستوں پر کھلی عدالت میں سماعت کے لیے منگل کو راضی ہو گیا۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی، جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس کورین جوزف کی بنچ نے رافیل سودے پر نظر ثانی درخواستوں کی سماعت کھلی عدالت میں کرنے کے لیے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا اور ارون شوری اور وکیل پرشانت بھوشن کی درخواست پر چیمبر میں غور کیا،بنچ نے کہا کہ کھلی عدالت میں سماعت کی درخواست قبول کیا جاتا ہے۔
عدالت عظمی نے 14 دسمبر، 2018 کو فرانس سے 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدنے کے لیے ہندوستان کی طرف سے کئے گئے معاہدے کو چیلنج دینے والی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سلسلے میں سابق معاہدہ منسوخ کرنے اور ہوائی جہاز خریداری کا فیصلہ سازی کے عمل پر شک کرنے کی واقعی کوئی ضرورت نہیں ہے۔کورٹ نے 58000 کروڑ روپے کے لڑاکا طیارے خریدنے کے لیے ہندوستان اور فرانس کے درمیان ہوئے معاہدے میں مبینہ بے قاعدگیوں کے لیے ایف آئی آر درج کرنے اور عدالت کی نگرانی میں جانچ کرانے کی درخواست بھی ٹھکرا دیا تھا۔